اہم خبریں

حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات کا پہلا دور مکمل، اہم پیش رفت سامنے آگئی

حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات کا پہلا دور مکمل، اہم پیش رفت سامنے آگئی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات کا پہلا دورخوشگوار ماحول میں مکمل ہوگیا۔ دونوں فریقین کے درمیان دوبارہ مذاکرات جمعرات کو ہوں گے۔

مذاکرات کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے رانا ثناء اللہ خان، علی پرویز ملک، بلال اظہر کیانی اور نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی۔

احسن اقبال نے بتایا کہ جماعت اسلامی سے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے تجاویز مانگ لی گئی ہیں، جنہیں متعلقہ وزارتوں تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت نہیں چاہتی کہ ملک میں احتجاج ہو، تاہم موجودہ معاشی صورتحال اور عالمی حالات کے باعث حکومت کو بعض اوقات مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی بھی کوشش ہے کہ عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور جمعرات کو ہوگا۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے جماعت اسلامی سے مذاکرات کے لیے حکومتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی اور آج ہونے والا پہلا دورخوشگوار ماحول میں ہوا۔

لیاقت بلوچ کے مطابق جماعت اسلامی نے حکومتی ٹیم کے سامنے 6 اہم تجاویز پیش کی ہیں اور پیٹرولیم لیوی کے باعث عوام اور معیشت کو درپیش مشکلات سے حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کے مطالبات تسلیم ہونے اور تجاویز پر پیش رفت تک ملک بھر میں جاری دھرنے اور احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔ جماعت اسلامی نے حکومتی ٹیم کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

قبل ازیں پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر باضابطہ مذاکرات کے لیے جماعت اسلامی کا وفد وزارت منصوبہ بندی پہنچا تھا۔ جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت لیاقت بلوچ نے کی جبکہ سید فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ خان، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، نوید علی بیگ اور شاہد نعیم وفد میں شامل تھے۔

دوسری جانب حکومتی مذاکراتی ٹیم کی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی، جبکہ رانا ثناء اللہ خان، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی بھی حکومتی ٹیم کا حصہ تھے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر عوامی مطالبات کے حق میں جماعت اسلامی کے دھرنے اور احتجاج ملک بھر میں جاری ہیں۔ جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ مذاکرات اور احتجاج بیک وقت جاری رہیں گے۔
مزید پڑھیں‌:پی سی بی کا بڑا فیصلہ، ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کھلاڑیوں کیخلاف ایکشن

متعلقہ خبریں