اہم خبریں

فاروق حیدر نے اپنے دور حکومت میں ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوانوں کا معاشی قتل کیا ، ترجمان حکومت آزادکشمیر

مظفرآباد (نیوزڈیسک)ترجمان حکومت آزادکشمیر نے کہا ہے کہ فاروق حیدر صاحب 2026تک نئے انتخابات کا انتظار کریں۔ آزادکشمیرمیں جاری احتجاجی تحریکوں کا آغاز انہیں کے مبارک دور میں ہوا تھا۔ وزیرا عظم مضبوط اعصاب کے مالک ہیں ااوراپنے اتحادیوں کی مشاورت سے حکومتی امور انجام دے رہے ہیں۔ترجمان حکومت آزادکشمیر نے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم اقتدار سے باہر ہو کر ماہی بے آب کی طرح تڑپ رہے ہیں۔ موصوف نے اپنے دور اقتدار میں اپنی ہی جماعت کے اڑھائی درجن سے زائد وزراء کی فوج ظفر موج کے ذریعے کیا سری نگر یا جموں فتح کرلیا تھا؟ موجودہ حکومت تو آزادکشمیر کی تین بڑی سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے جس میں موصوف کی جماعت بھی شامل ہے۔ پتہ نہیں سابق وزیراعظم اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ کس بات پر ناراض ہیں۔ سابق وزیراعظم جس این ٹی ایس کے نفاذ کا ڈھنڈورہ پیٹ رہے ہیں اپنے اقتدار کے آخری ایام میں سول سرونٹ ایکٹ کا نفاذ کر کے ریاست کے ہزارو ں تعلیم یافہ نوجوانوں کا معاشی قتل کا ارتکاب کیا تب میرٹ کہاں سویا تھا؟ یہ بات بھی موصوف عوام کو بتا دیں۔ ریاستی وزراء کے قلمدان اتحادمی جماعتوں کے سربراہوں کی مشاورت کے بعد تقسیم کیے گئے جس کے لیے وزیراعظم انورالحق پابند نہیں کہ وہ فاروق حیدر صاحب سے مشورہ کرتے۔ موجودہ وزیراعظم کسی شخص یا گروہ سے بلیک میل ہونے والے نہیں بلکہ مضبوط آہنی اعصاب کے مالک ہیں۔ موجود ہ وزیراعظم آزادکشمیر کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں اسمبلی کے 90فیصد اراکین نے منتخب کیا۔ ہمیں تو2016کے انتخابات پر شدید تحفظات ہونے کے باوجود تسلیم کیا گیا اور کبھی بھی قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ نہیں کیا اب جبکہ موصوف کی اپنی جماعت بھی بطور اتحادی حکومت کا حصہ ہے موصوف ایک خواہشی پروگرام کے تحت سال رواں میں انتخابات کا مطالبہ کر کے اپنی غیر جمہوری سوچ کا اظہار کر رہے ہیں۔ ترجمان حکومت نے سابق وزیراعظم کے بیان پر مزید تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں کے مصداق بیان کسی بڑے کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے مترادف ہے۔ البتہ موجودہ حکومت انشاء اللہ اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی اور وزیراعظم انوارالحق کی قیادت میں بلاتخصیص ریاستی عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔

متعلقہ خبریں