اہم خبریں

ہلالِ احمر کے زیر اہتمام یومِ دفاع کی تقریب ،شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

اسلام آباد (نیوزڈیسک) ہلالِ احمر کے زیر ِ اہتمام یومِ دِفاع پر نیشنل ہیڈکوارٹرز میں شاندار تقریب، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر پاکستان عبیداللہ خان نے افتتاحی کلمات میں چیئرمین ہلالِ احمر سردار شاہد احمد لغاری کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے 6 ستمبر کو ملکی تاریخ کا اہم سنگ ِ میل اور درخشاں باب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج تجدید عہد کا بھی دن ہے کہ ہم سب وطن کی سلامتی، بقا اور خوشحالی کیلئے یکجان ہوکر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر کے چیئرمین سردار شاہد لغاری کا وژن ہے کہ ہر کڑے وقت میں بروقت ریسپانس دے کر اپنی روایت کی پاسداری کی جائے۔ آج ہمیں ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔ جنہوں نے اپنی جانیں دے ہمارے مستقبل
کو محفوظ بنایا۔ ہمارے سب ہیروز قابل ِ فخر ہیں۔پاکستان کے انسانی خدمت کے صف اوّل کے ادارہ کی حیثیت سے ہلالِ احمر نے ہمیشہ بہتر خدمات فراہم کی ہیں۔ جنگ ہو یا زمانہ اَمن ہلالِ احمر کی انسانیت کی بھلائی کیلئے خدمات کی فراہمی جاری رہتی ہے۔ انہوں نے شہداء کے وارثوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ اِس موقع پر ہلالِ احمر پاکستان کے مالیاتی اُمور کے سربراہ ارشاد محمد نے بھی خطاب کیا اور ہلالِ احمر پاکستان کی خدمت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے انٹرنیشنل فیڈریشن اور انٹرنیشنل کمیٹی سے تعاون کی نئی راہیں کھولنے کی بھی بات کی۔ تقریب میں رضاکاروں کے جونیئر کلب کی جانب سے ملی نغمہ پیش کیا گیا۔ تمام رضاکاروں نے مختلف ثقافتوں کی نشاندہی کرنے والا لباس پہن رکھا تھا۔ہلالِ احمر پاکستان کی جانب سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ جس میں قیدیوں کی فلاح و بہبود، زخمیوں کا علاجِ معالجہ اور دیگر امدادی کاموں کی عکس بندی کی گئی تھی۔ تقریب میں انٹرنیشنل فیڈریشن، آئی سی آرسی، موومنٹ پارٹنرز کے مندوبین، رضاکار اور ہلالِ احمر کے افسران بھی شریک تھے۔

متعلقہ خبریں