اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ قائم کردیا جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق فنڈ کے لیے ایک خصوصی سرکاری اکاؤنٹ مختص کیا گیا ہے اور اس حوالے سے آڈیٹر جنرل، کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس، اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو اور تمام صوبوں کے متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فنڈ میں جمع ہونے والی تمام رقوم وفاقی حکومت کے پبلک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائیں گی جب کہ اس مقصد کے لیے علیحدہ اکاؤنٹ ہیڈ اور آبجیکٹ کوڈ بھی مختص کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ، پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا مشترکہ طور پر فنڈ کے قواعد و ضوابط تیار کریں گے جب کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں استحکام کے قانونی اور مالیاتی طریقہ کار کی منظوری بعد میں دی جائے گی۔
مزید پڑھیں:این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری،جانیے موسم کی تازہ اپڈیٹ















