اہم خبریں

پاک فوج نے افغان طالبان کے 4 ڈرون مارگرائے ،آئی ایس پی آر

اسلام آباد(اے بی این نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں سرحد پار ڈرون پروازوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے آنے والے 4 ڈرونز مار گرائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان رجیم نے 30 جون کو بلوچستان کی سرحد پر 4 ڈرونز بھیجے، افغان طالبان رجیم نے اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی میں یہ ڈرونز پاکستان بھیجے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کا فضائی دفاعی نیٹ ورک متحرک ہے، مؤثرجوابی کارروائی کے نتیجے میں ڈرونز مار گرائے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کے مضبوط فضائی دفاعی نظام نے تمام ڈرونز کی فوری نشاندہی کی اور کامیابی سے چاروں ڈرونز کو تباہ کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ پیشہ ورانہ تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے تمام مذموم عزائم ناکام بنا دیے، افغان طالبان کے ہتھکنڈے افغان عوام کو گمراہ کرنے کے لیے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ افغان طالبان کا غیرذمہ دارانہ طرزِ عمل افغان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے، افغان طالبان کو پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔ افغان طالبان رجیم دہشتگردوں کی سرپرستی ترک کرے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری رکھا تو انہیں ایسا مؤثر جواب دیا جائے گا جس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر وقت مکمل طور پر چوکس ہیں، مسلح افواج وطنِ عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، سرحد پارکسی بھی جارحیت کا آپریشن غضبُ الحق کے تحت فوری، فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جاتا رہے گا۔
مزید پڑھیں: گاڑی خریدنے والوں کیلئے خوشخبری،نئی آٹو پالیسی سے قیمتوں میں کمی کا امکان

متعلقہ خبریں