ا سلام آباد(نیوزڈیسک)ورلڈ مینارٹیز الائنس کے کنوینر اورسابق وفاقی وزیر جے سالک نے کہا ہے کہ سانحہ جڑانوالہ انتہائی افسوس ناک ہے ، فرد واحد کی غلطی کی سزا پوری کمیونٹی کو نہیں دی جا سکتی، حکومت جڑانوالہ واقعہ کی مکمل آزادانہ و منصفانہ شفاف انکوائری کروا کر ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی اس کی جرات نہ ہو سکے، کوئی بیوقوف مسیحی بھی قرآن مجید کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتا، دہشتگرد مائنڈ سیٹ کاقلع قمع کیا جائے کیونکہ یہ لوگ اسلام کو بدنام کرنے کا باعث بن رہے ہیں، جڑانوالہ میں چرچز کو جلائے جانے سے وہاں موجود مقدس آسمانی کتاب بائبل کو بھی جلایا گیا ہے،قران مجید کی طرح بائبل کی توہین بھی گناہ کبیرہ ہے، معاملے پر وزیراعظم اور دیگر حکام سے رابطے میں ہوں ، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ، اللہ کا شکر ہے جڑانوالہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،حکومت کو چاہیئے کہ اسطرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کرے کیونکہ ایسے واقعات کے سبب عالمی برادری میں پاکستان کا امیج بری طرح متاثر ہو رہا ہے،جڑانوالہ کے تمام علمائے دین جنہوں نے اس سانحے کے دوران کشیدگی کی روک تھام کیلئےمناسب اقدامات اٹھائے اور کہا کہ وطن عزیز پاکستان کو تمام قومیتوں نے ملکر بنایا تھا اور ہم سب ملکر ہی اسے بچائینگے جس پر ہم انکے شکر گزار ہیں۔















