اہم خبریں

پاکستان کسٹمز کا پارکو کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، کروڑوں لیٹر پیٹرول کی غیرقانونی ترسیل پر شوکاز نوٹس جاری

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان کسٹمز نے پارکوکے خلاف مبینہ بے ضابطگیوں پر بڑا ایکشن لیتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ کسٹمز ذرائع کے مطابق پارکو پر2 کروڑ 38 لاکھ 9 ہزار لیٹر سے زائد پیٹرول قواعد و ضوابط کے برخلاف فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول کی ترسیل جی ڈی گڈز ڈیکلریشن کی تصدیق کے بغیر کی گئی جبکہ وی باک نظام کو نظرانداز کرتے ہوئے پیٹرول جاری کیا گیا، جس سے قومی خزانے کو ڈیوٹی اور ٹیکس کی مد میں کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

شوکاز نوٹس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی وصولی میں بھی مبینہ بے ضابطگیاں کی گئیں، جبکہ قانونی منظوری کے بغیر پیٹرول کی کھیپ دوسرے بانڈڈ ویئر ہاؤسز منتقل کی گئی۔

کسٹمز حکام نے پارکو کے خلاف کسٹمز ایکٹ کی متعدد دفعات کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمپنی کا پبلک بانڈڈ ویئر ہاؤس لائسنس منسوخ کرنے کے لیے بھی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

مزید برآں،فیصل آباد کسٹمز نے پارکو کو شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے اور اپنا مؤقف پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر الزامات ثابت ہو گئے تو کمپنی کے خلاف مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: لاہور: غیر ملکی خاتون کا مجسٹریٹ کے سامنے بیان، اغوا، تشدد اور مبینہ زیادتی کے سنگین الزامات

متعلقہ خبریں