اہم خبریں

بروقت حکمت عملی سے آئندہ سال حج اخراجات نصف تک ہو سکتے ہیں، وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود

اسلام آباد(اے بی این نیوز     )وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ بروقت حکمت عملی سے آئندہ سال حج اخراجات نصف تک ہو سکتے ہیں، حجاج کی خدمت یہ ہے کہ مہنگائی کے دور میں سستا حج دیا جائے، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کلب میں پاکستان سٹیزن فورم کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کی جبکہ مہمان اعزاز وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضٰی جاوید عباسی تھے۔اس موقع پر میزبان صدر پاکستان سٹیزن فورم پروفیسر سجاد قمر ،سیکرٹری محسن خان عباسی ،قاری محبوب الرحمن، صدر تنظیم تاجران پاکستان چوہدری محمد کاشف، ملک احسان غنی، مولانا اشرف علی،مولانا عبدالمجید ہزاروی، مولانا عطا محمد دیشانی،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما عتیق الرحمن شاہ کاشمیری، مولانا حافظ مقصود احمد، مولانا ظہور احمد علوی،مولانا عبدالقدوس محمدی، ارشد خان تنولی ،مفتی جمیل الرحمن فاروقی، ڈاکٹر فرخندہ ڈی جی شریعہ اکیڈمی، حافظ احسان کھوکھر نے خطاب کیا۔وفاقی وزیر سینیٹر طلحہ محمود نے پاکستان سٹیزن فورم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مثبت پیغام کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔صرف دو ماہ ملے تھے اور اس عرصہ میں کوشش کی کہ حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں ، ہم مزید پیسے بھی حاجیوں کو واپس کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کی ادویات حاجیوں کے پیسوں سے خریدنا بند کر رہے ہیں، یہ ادویات فارما سیوٹیکل کے تعاون سے مفت فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم بہترین خدمات پر سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔سعودی عرب نے اس سال بھی مثالی انتظامات کیے۔انھوں نے کہا کہ میں نے بغیر پروٹوکول کے عام حاجیوں کے ساتھ وقت گزارا۔شکایات کا فوری ازالہ کیا ۔انھوں نے کہا کہ ہم نے کسی کو بھی مفت حج نہیں کروایا۔مفت حج بڑے بڑے سرکاری افسر کرتے تھے جو معاونین کے نام پر جا کر ڈیوٹی نہیں کرتے تھے۔ہم نے وی آئی پی کلچر کا مکمل خاتمہ کیا اور اس کو مزید بہتر کریں گے۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضٰی جاوید عباسی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ سینیٹر طلحہ محمود نے بہترین حج کروایا۔اس سے قبل سردار محمد یوسف نے یہ خدمت سر انجام دی اور یہ پی ڈی ایم حکومت کا فخر ہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور اپنے پیسے خود جمع کروا کر گئے،میں خود بھی حج پر گیا تھا اور میں چشم دید گواہ ہوں کہ سرکاری حج مثالی تھا۔مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کی شکایات آئی ہیں انھوں نے کم جگہ پر زیادہ لوگ ٹھہرائے۔ان کا احتساب ہونا چاہیے۔اور ان کے خلاف کارروائی ہونا چاہیے۔

متعلقہ خبریں