اسلام آباد(اے بی این نیوز)موسمیاتی تبدیلیوں کی وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر میثاق معیشت کر کے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے، ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ جیسی جدید سوچ اپنانا ہو گی۔ اتوار کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ سابق دور حکومت میں قرضوں کا حجم دوگنا ہو گیا تھا جس کی وجہ سے اخراجات اور ریونیو کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اس صورتحال میں گروتھ کی طرف جانا ہوگا قرضے لے لے کر آخر کب تک گزارا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام ناگزیر ہے وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ احسن انداز میں پیش کیا ہے انہوں نے کہا کہ ڈیزاسٹرس مینجمنٹ کے اخراجات دوگنا کرنے کی ضرورت ہے۔















