اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی جانب سے سینیٹ کے سابقہ و موجودہ چیئرمین کے لئے مراعات کے بل کی حمایت نہیں کی جانی چاہیے، وزراء غیر ضروری پروٹوکول لینے سے گریز کریں، صدر، وزیراعظم، سپیکر اور چیئرمین سینیٹ آئینی عہدے ہیں ان کا پروٹوکول لینا بنتا ہے تاہم ہم اس کے اہل نہیں ہیں۔ اتوار کو قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ نہایت نامساعد حالات میں اسحاق ڈار نے جس طرح بجٹ پیش کیا، اس پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں، امید ہے کہ معاشی استحکام اور نئے دور کا آغاز ہو گا اور گزشتہ چار سالہ تباہی کا ازالہ بھی ہو گا۔















