اسلام آباد(اے بی این نیوز )وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت اور پاکستان پیپلزکے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پورے ملک میں پچیس فیصد اضافے کے ساتھ بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کی قسط کا اجرا کر دیا گیا ہے، ڈائنامک سروے میں اکیس لاکھ لوگوں نے خود کو رجسٹر کروایا ،سیکرٹری بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کو پیسے نہ ملنے کے معاملے کی انکوائری کی ہدایت کی ہے۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچیس فیصد اضافے کے ساتھ بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کی قسط کا اجرا کر دیا گیا ہے، ڈائنامک سروے میں شکایات موصو ل ہوئی ہیں کہ پیسے نہیں ملے جس پر سیکرٹری بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کو پیسے نہ ملنے کے معاملے کی انکوائری کی ہدایت کر دی ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یونان میں کشتی حادثے میں سو سے زیادہ پاکستانی جاں بحق ہوئے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی غیر قانونی بھجوانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے لئے قانون سازی بھی لانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی الیکشن مہم کا آغاز کردیا ہے، تمام اتحادیوں کو کہا ہے کہ ہمیں الیکشن میں جانا چاہیے، پاکستان پیپلزپارٹی انتخابات کے لئے تیارہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کراچی کے عوام نے مئیر کا جو مینڈیٹ دیا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، بھرپورکوشش ہے الیکشن میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں لے کر آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کر کے بجٹ کے حوالے سے تحفظات پیش کئے ہیں، دوبارہ بھی وفد وزیراعظم سے ملاقات کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سیلاب متاثرین کو اپنے گھروں میں آباد کریں ، فاٹا اور پاٹا کو ٹیکس رعایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہیں اور پینشن بڑھانا خوش آئند ہے۔















