اسلام آباد( اے بی این نیوز )سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں فریقین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے، علاقائی امن و سلامتی کے فروغ اور پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے سید محمد علی کو پاکستان میں ان کی کامیاب سفارتی ذمہ داری پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کشمیر کاز کی مسلسل حمایت پر سپریم لیڈر اور صدر رئیسی کا شکریہ ادا کیا اور ایران کو اس کے بنیادی مسائل بشمول JCPOA اور انسانی حقوق کے مسائل پر پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔ سپیکر نے ایران اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات کی بحالی پر ایرانی سفیر کو مبارکباد دی۔ ایران اور سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے قریبی برادرانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اسے ایک مثبت قدم قرار دیا جو علاقائی امن و استحکام کے ساتھ ساتھ مسلم امہ کو درپیش موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے مسلم ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کا باعث بنے گا۔ دونوں فریقوں نے مشترکہ کوششوں کے ذریعے دہشت گردی سے لڑنے کے حوالے سےاپنے عزم کا اعادہ کیا جو ایران اور پاکستان دونوں کے لئے مشترکہ خطرہ ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف امور پر بات چیت قیادت کے درمیان بار بار دوروں اور ٹیلی فون کالز کا تبادلہ شامل ہے۔ دونوں فریقین نے پارلیمنٹ میں ایک ایرانی آرٹ پر مبنی تصویری نمائش منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا جس میں قرآن پاک کے نادر نسخوں اور دیگر مقدس دستاویزات کی نمائش ہوگی۔ سپیکر نے پاکستان میں ان کی کامیاب اور نتیجہ خیز سفارتکاری پر محمد علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں ان کی ذمہ داریوں کے حوالہ سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔















