اسلام آباد(اے بی این نیوز )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دہشت اور تشدد والے مناظر ٹی وی پر نہ چلانے کے ضابطہ اخلاق سے متعلق پیمرا آرڈر پر بعض تحفظات سامنے آئے ہیں،اس آرڈر میں دہشت گردی، اس کے بعد کے مناظر، لاشیں، تباہی نہ دکھانے کا کہا گیا ہے،اس حکم کا بنیادی مقصد عوام کو خوف ودہشت سے بچانا ہے، دہشت گردوں کا اصل مقصد اور ہدف عوام میں خوف و ہراس پھیلانا ہی ہوتا ہے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ دنیا بھر میں یہ حدود متعین ہیں، ہر ذمہ دار ادارہ اور آرگنائزیشن ان کی پاسداری کرتا ہے، دہشت گردی کی کارروائیوں کی کوریج کا ایک عالمی ضابطہ ہے،یہ ملکی قانون کا حصہ ہے، پوری دنیا میں ان ضابطوں پر بلا استثناء عمل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کی براہ راست نشریات دکھانے سے دہشت گردوں کو بھی مدد ملتی ہے، آپریشن کے بعد کی حساس معلومات بھی شرپسندوں کو مل جاتی ہیں۔ انہوں نےکہا کہ آزادی اظہار کے حق کو مقدس سمجھتے ہیں، اس حق کے لئے ہم نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے، آزادی اظہار رائے پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے قوانین پر عمل کریں گے۔















