اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ آئین کے مطابق الیکشن کمیشن ایک آزاد اورخودمختار ادارہ ہے، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا کام ہے، الیکشن کیلئے موزوں وقت کا انتخاب کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کو شکایتی خط لکھا ہے جس میں انہوں نے موقف اخیتار کیا کہ انتخابات کیلئے موزوں وقت کا انتخاب الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، سپریم کورٹ فیصلے سے کمیشن کے اختیار پر حرف آتا ہے، سپریم کورٹ کے یکم مارچ کے فیصلہ سے تنازع پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خط میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے کہا 90 روزمیں انتخابات آئینی تقاضا ہے، کسی مخصوص شق نہیں آئین کو مجموعی طور پر دیکھا جانا چاہیے، آئین کے آرٹیکل 218(3) کو پورا وزن نہیں دیا گیا۔















