اہم خبریں

بی آئی ایس پی غیر سیاسی پروگرام ہے،وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی

ملتان( اے بی این نیوز  )وزیرمملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) غیر سیاسی پروگرام ہے،زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کی سہولت کے لیے اس میں مزید اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار فیصل کریم کنڈی نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام آفس تحصیل شجاع آباد میں ڈائنامک رجسٹری سنٹر کے افتتاح کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکیا۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 89 لاکھ مستحق خاندانوں کی اس پروگرام کے ذریعے مالی اعانت کی جا رہی ہے،کفالت پروگرام کے تحت مستفید ہونے والے خاندانوں کو 25 فیصد اضافی رقم دیں گے،پی ٹی آئی حکومت نے بی آئی ایس پی پروگرام میں فلٹرز لگا کر8 سے 9 لاکھ مستحقین کے کارڈ بند کردیئے تھے،ہم جانچ کرنے کے بعد ان کو دوبارہ پروگرام میں شامل کریں گے۔وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ نے کہا کہ بی آئی ایس پی بہت بڑا پروگرام ہےجو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 2008 میں معاشرے کے غریب اور مستحق افراد کے لیے شروع کیا تھا اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ڈائنامک رجسٹری سنٹر کے ذریعے اس پروگرام کو وسعت دی ہے،خواتین کی بڑی تعداد اس پروگرام سے مستفید ہو رہی ہے،ضلع ملتان میں تقریباً 2 لاکھ 40 ہزارخاندان بی آئی ایس پی سےمالی امداد حاصل کررہے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حکومت حاملہ خواتین کو ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت بی آئی ایس پی کے ذریعے18 ارب روپے کی امداد فراہم کر رہی ہے جبکہ یوٹیلٹی سٹورز پربھی سبسڈی دی جارہی ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے متعلق ایک سوال پر وزیر مملکت نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں،حکومت عدالتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے انہیں ضمنی انتخابات میں کراچی اور ملتان کی نشستوں کا ٹاسک دیا تھا اور انہوں نے ان دونوں حلقوں میں انتخابات کے دوران پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کو شکست دی تھی۔اس موقع پر سید عبدالقادر گیلانی،ضلعی صدر پی پی پی کامران عبداللہ مڑل مقامی پی پی پی قیادت اور ورکرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ خبریں