اسلام آباد (نیوزڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 30 اپریل 2023 کو پاکستان کے صوبہ پنجاب میں عام انتخابات کی منظوری دیدی ہے۔ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آج بروز جمعہ 3 مارچ کو پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کیلئے 30 اپریل کی تاریخ کا اعلان کردیا ۔صدر مملکت نے تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کے بعد کیا۔واضح رہے کہ آج الیکشن کمیشن اسلام آباد میں ہونے والے اہم اجلاس میں 30 اپریل سے 7 مئی کے دوران پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی تھی۔الیکشن کمیشن نے انتخابات ترجیحاً اتوار کے روز کرانے کی تجویز بھی دی تھی۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے گورنرخیبر پختونخوا کو لکھا گیا خط بھی منظر عام پر آگیا ہے ،چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے لکھے گئے خط میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا ۔ خط کے متن میں 25 فروری کو تاریخ تجویز کرنے کیلئے لکھے گئے خط کا بھی حوالہ موجود ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں انتخابات کی تاریخ تجویز کرنے کے لئے لکھے گئے مراسلے کا جواب دیا جائے۔واضح رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات میں تاخیر سے متعلق از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مسلسل دوسرے روز ہونے والے مشاورتی اجلاس میں الیکشن کمیشن پاکستان نے پنجاب میں عیدالفطر کے تقریباً ایک ہفتے بعد انتخابات کرانے کی تجویز دینے کا فیصلہ کیا تھا۔















