اسلام آباد (اے بی این نیوز )قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 راجن پور میں ضمنی انتخابات کا معاملہ،الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کو صاف، شفاف، پرامن اور قانون کے مطابق انعقاد کرانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے، اعلامیہ الیکشن کمیشن کے مطابق پریذائیڈنگ افسران ریٹرننگ افسران سے پولنگ بیگ وصول کریں گے،پولیس پریذائیڈنگ افسران کوسکیورٹی فراہم کرے گی اورانتخابی عمل کے مکمل ہونے تک پولنگ سٹاف کے ہمراہ رہے گی،حلقے میں قائم 237پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں،پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے اہلکار لاء اینڈ آرڈر کو یقینی بنانے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دیں گے، پریذائیڈنگ افسران پولنگ کے دن فارم 45 کی تصویر کھنچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں گے، پولنگ ایجنٹس کے سامنے فارم 45 کی صاف اور واضح تصویر ریٹرننگ افسران کو وائٹس ایپ پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بھیجیں گے,انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں پریذائیڈنگ افسر فوراً ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچ کر فارم 45 کی اصل کاپی ریٹرننگ افسر کے حوالے کریں گے، ہر پریذائیڈنگ افسر فارم 45 کی اوریجنل کاپی بمع تصویر بشمول فرانزک تفصیلات ریٹرننگ افسر کو دکھائے گا،ریٹرننگ افسر تصویر اور لوکیشن کی تفصیلات کا جائزہ لے گا،پریذائیڈنگ افسران کے موبائل پر موجود لوکیشن اور وقت کی تفصیلات کی تصویر اپنے موبائل میں حاصل کریں گے،ہر امیدوار اپنے پولنگ ایجنٹس کی تربیت کو یقینی بنائے، پولنگ ایجنٹ پریذائیڈنگ افسر کا دستخط شدہ فارم 45 وصول کیے بغیر پولنگ اسٹیشن نہ چھوڑے، ہر پریذائیڈنگ افسر متعلقہ پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کی دستخط شدہ کاپی پولنگ اسٹیشن پر ہی مہیا کرنے کا پابند ہو گا،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسراور ریٹرننگ افسر نے خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے، کنٹرول روم پولنگ کا عمل شروع ہونے سے ابتدائی نتائج کے مرتب ہونے تک کام کرتا رہے گا،کنٹرول روم میں ریٹرننگ افسر کے علاوہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر، پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے حکام یاان کے نمائندگان موجود رہیں گے، الیکشن کمیشن نے الیکشن کے دن کسی بھی نوعیت کی شکایت کو نمٹانے کے حوالے سے سنٹرل اور صوبائی سطح پر الگ الگ کنٹرول رومز قائم کر دیئے۔















