اہم خبریں

بی این پی کے سینئر رہنما بنگلہ دیش کے نئے صدر منتخب

بی این پی کے سینئر رہنما بنگلہ دیش کے نئے صدر منتخب

بنگلہ دیش (اے بی این نیوز) بنگلہ دیشی ارکانِ پارلیمنٹ نے حکمران جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سینئر رہنما مرزا فخر الاسلام عالمگیر کو ملک کا نیا صدر منتخب کرلیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق صدر کا عہدہ بڑی حد تک رسمی نوعیت کا ہے، تاہم مرزا فخر الاسلام عالمگیر بطور صدر سربراہِ مملکت اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ انتظامی اختیارات وزیراعظم اور کابینہ کے پاس برقرار رہیں گے۔

رپورٹس کے مطابق 2024 میں شیخ حسینہ کی عوامی لیگ حکومت کے خاتمے کے بعد بی این پی رواں سال فروری میں دوبارہ اقتدار میں آئی تھی۔

78 سالہ مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے پارلیمانی ووٹنگ میں ریٹائرڈ آرمی کرنل، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین اور جماعت اسلامی کی قیادت میں قائم 11 جماعتی اپوزیشن اتحاد کے امیدوار اولی احمد کو شکست دی۔

واضح رہے کہ رواں سال 12 فروری کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بی این پی اور اس کے اتحادیوں کو پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔

مرزا فخر الاسلام عالمگیر کا صدارتی انتخاب سابق صدر محمد شہاب الدین کے مستعفی ہونے کے بعد عمل میں آیا۔ محمد شہاب الدین اپنی پانچ سالہ مدت مکمل ہونے سے قبل گزشتہ ماہ خرابی صحت کے باعث عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

عوامی لیگ سے وابستہ سابق سیاستدان اور شیخ حسینہ کے قریبی ساتھی محمد شہاب الدین 2023 میں بنگلہ دیش کے صدر منتخب ہوئے تھے۔

مرزا فخر الاسلام عالمگیر بی این پی کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور 2016 سے صدارتی نامزدگی تک پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز رہے۔

شیخ حسینہ کے دور حکومت میں وہ اپوزیشن کی ایک توانا آواز کے طور پر سامنے آئے۔ اس دوران انہیں متعدد مرتبہ گرفتاری اور مقدمات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

مرزا فخر الاسلام عالمگیر کے صدر منتخب ہونے کے بعد بنگلہ دیش میں بی این پی کی سیاسی پوزیشن مزید مضبوط ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں‌:پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا، نئی قیمتوں کا اعلان سامنے آگیا

متعلقہ خبریں