اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پنشنرز کے لیے ’پروف آف لائف سرٹیفکیٹ‘ کی نئی سہولت کا افتتاح کردیا، جس کے تحت بائیومیٹرک اور چہرے کی شناخت کے ذریعے پنشنرز کی تصدیق کی جاسکے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے پنشنرز کے لیے نئے نظام کو بڑی سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بائیومیٹرک اور چہرے کی تصدیق کا جدید نظام انسانیت کی خدمت ہے۔
وزیراعظم نے اس اقدام پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیئرمین نادرا اور سیکریٹری خزانہ کو مبارک باد بھی دی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نئے نظام کے نفاذ سے پنشنرز کے بینکوں کے چکر ختم ہوجائیں گے جبکہ بزرگ اور معذور پنشنرز بھی آسانی سے اپنی تصدیق کراسکیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پنشنرز کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا گیا ہے، جس سے پنشن کے نظام میں شفافیت اور سہولت آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ نادرا کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں میں مزید اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ راست نظام کے ذریعے ادائیگی کے عمل میں تیزی اور شفافیت آئے گی۔
وزیر خزانہ کے مطابق پنشنرز کو بلامعاوضہ تصدیقی سہولت فراہم کی جارہی ہے، جبکہ چہرے کے ذریعے تصدیق کا طریقہ کار پنشنرز کا دیرینہ مطالبہ تھا۔
نئے نظام سے بالخصوص بزرگ اور معذور پنشنرز کو تصدیق کے لیے بینکوں کے بار بار چکر لگانے سے نجات ملنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں:کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مستعفی،شائقین کے لیے بڑی خبر















