اہم خبریں

وزیراعظم یوتھ لون اسکیم میں بڑا اضافہ، قرض کی حد ڈھائی کروڑ روپے مقرر

اسلام آباد(رضوان عباسی)وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے حکومت نے قرض کی زیادہ سے زیادہ حد بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے مقرر کر دی ہے، جبکہ اسکیم میں نیا ٹیئر 4 بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس حوالے سے تمام بینکوں کو ترمیمی مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
مراسلے کے مطابق نئے ٹیئر 4 کے تحت 75 لاکھ روپے سے زائد اور زیادہ سے زیادہ 2 کروڑ 50 لاکھ روپے تک قرض حاصل کیا جا سکے گا۔ طویل مدتی قرضوں کی زیادہ سے زیادہ مدت آٹھ سال مقرر کی گئی ہے، جس میں ایک سال تک کا گریس پیریڈ بھی شامل ہوگا۔

نئے ٹیئر 4 کے لیے بینک ریٹ چھ ماہ کے کائیبور پلس 2.4 فیصد مقرر کیا گیا ہے، جبکہ قرض لینے والے صارفین کے لیے شرح سود 8 فیصد ہوگی۔ قرضوں کے خطرات کم کرنے کے لیے پورٹ فولیو کی سطح پر 10 فیصد تک فرسٹ لاس کوریج بھی فراہم کی جائے گی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ٹیئر 3 کی دیگر شرائط نئے ٹیئر 4 پر بھی لاگو ہوں گی، جبکہ ٹیئر 3 کا بینک ریٹ بھی تبدیل کرکے چھ ماہ کے کائیبور پلس 2.4 فیصد کر دیا گیا ہے۔
مراسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ لیپ ٹاپ فار آل اور پراسپیکٹو اوورسیز ورکرز کی کیٹیگریز کو اب ٹیئر 5 میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسکیم کے تحت خواتین کے لیے قرضوں کا کوٹہ کم از کم 30 فیصد تک بڑھایا جائے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق اسکیم کی دیگر شرائط، ضوابط اور سبسڈی کی ادائیگی کا طریقہ کار برقرار رہے گا، جبکہ نئی شرائط مراسلے کے اجرا کے بعد تقسیم ہونے والی فنانسنگ پر لاگو ہوں گی۔
مزیدپڑھیں: ایلون مسک کا بڑا اعلان، ہر امریکی بچے کو 2 شیئرز ملیں گے

متعلقہ خبریں