اہم خبریں

کینسر کے علاج میں نئی امید، خطرناک خلیات کو صحت مند بنانے کی تکنیک تیار

سیئول (اے بی این نیوز) جنوبی کوریا کے سائنسدانوں نے کینسر کے علاج کے حوالے سے ایک نئی اور امید افزا تکنیک تیار کی ہے، جس کے تحت کینسر کے خلیات کو تباہ کرنے کے بجائے دوبارہ صحت مند خلیوں میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ماہرین کے مطابق یہ طریقہ مستقبل میں کینسر کے علاج کا نیا راستہ کھول سکتا ہے۔کوریا ایڈوانسڈ انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (KAIST) کے محققین نے پروفیسر کوانگ ہیون چو کی سربراہی میں انسانی جینز کے نظام کا ایک جدید کمپیوٹر ماڈل تیار کیا، جس کی مدد سے ان جینز کی نشاندہی کی گئی جو خلیوں کی شناخت اور نشوونما کو کنٹرول کرتے ہیں۔

تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے MYB، HDAC2 اور FOXA2 نامی تین اہم جینز کی سرگرمیوں کو محدود کرکے بڑی آنت کے کینسر کے خلیوں کی بے قابو نشوونما روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ تجربات میں ان خلیوں کو دوبارہ عام اور صحت مند آنتوں کے خلیوں جیسی خصوصیات کا حامل بنایا گیا۔

روایتی علاج سے مختلف نیا طریقہ
واضح رہے کہ کینسر کے روایتی علاج، خصوصاً کیموتھراپی اور ریڈی ایشن میں کینسر کے خلیوں کو تباہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، تاہم اس عمل کے دوران بعض صحت مند خلیے اور بافتیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ بعض مریضوں میں کینسر کے خلیے علاج کے خلاف مزاحمت پیدا کرلیتے ہیں۔اس کے برعکس نئی تکنیک میں کینسر کے خلیوں کو ختم کرنے کے بجائے ان کی اصل صحت مند شناخت بحال کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔

جانوروں پر تجربات میں اہم کامیابی

محققین کے مطابق لیبارٹری اور جانوروں پر کیے گئے تجربات میں تبدیل شدہ خلیوں کی رسولیاں بنانے کی صلاحیت نمایاں طور پر کم ہوگئی، جبکہ صحت مند خلیے بڑی حد تک متاثر نہیں ہوئے۔یہ تحقیق سائنسی جریدے Advanced Science میں شائع ہوئی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کو مزید ترقی دینے اور مستقبل میں انسانی طبی آزمائشوں تک پہنچانے کے لیے ایک بائیوٹیکنالوجی کمپنی کے حوالے بھی کیا گیا ہے۔

کیا یہ کینسر کا مکمل علاج ثابت ہوگا؟
ماہرین کے مطابق یہ تحقیق کینسر کے علاج میں ایک اہم سائنسی پیش رفت ہے، تاہم فی الحال اسے مکمل علاج قرار نہیں دیا جاسکتا۔ یہ تکنیک ابھی تجرباتی مراحل میں ہے اور انسانوں پر اس کی افادیت، حفاظت اور طویل مدتی نتائج ثابت ہونا باقی ہیں۔اگر مستقبل میں انسانی آزمائشوں میں بھی اس طریقے کے مثبت نتائج سامنے آتے ہیں تو کینسر کے علاج کے موجودہ طریقوں میں ایک بڑی تبدیلی ممکن ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں :وزیر اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم میں قرضوں کی حد بڑھانے کا اعلان

متعلقہ خبریں