اہم خبریں

اداکارہ عائشہ نور نے شوبز کی دنیا سے فاصلہ کیوں اختیار کیا؟ اہم انکشاف سامنے آگیا

کراچی(نیوز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ، ماڈل اور میزبان عائشہ نور کی اسکرین سے دوری کی وجہ سامنے آ گئی۔

حال ہی میں عائشہ نور نے اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے دوری اختیار کر لی، یہ بات انہوں نے حالیہ انٹرویو کے دوران بتائی ہے اور کہا ہے کہ شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کیا تاکہ اپنی خاندانی زندگی پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ دینِ اسلام کے مطابق زندگی گزار سکوں۔

اپنے اس فیصلے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابقہ اداکارہ نے کہا کہ جب آپ اللّٰہ تعالیٰ سے ہدایت مانگتے ہیں تو وہ آپ کو ہدایت عطا فرماتا ہے، میرا خاندان پہلے ہی مذہب کی طرف زیادہ مائل تھا، جب میری چھوٹی بہن نے قرآنی تعلیم سیکھی تو اس نے مجھے بھی قرآن پڑھنے کی ترغیب دی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے شوبز میں رہتے ہوئے ہی قرآنِ پاک کو ترجمے کے ساتھ پڑھنا شروع کیا اور مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے اللّٰہ تعالیٰ براہِ راست مجھ سے مخاطب ہیں۔

عائشہ نور کا کہنا ہے کہ میں اپنی زندگی کے ایک مشکل دور سے گزر رہی تھی، ہر انسان کی زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، مجھے محسوس ہوا کہ اللّٰہ تعالیٰ مجھ سے جو کام لینا چاہتے ہیں، وہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ رہتے ہوئے ممکن نہیں۔

اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے والے فنکار

سابقہ اداکارہ کے مطابق چنانچہ میں نے اللّٰہ تعالیٰ سے دعا کی کہ میرے لیے کوئی راستہ نکال دے، الحمدِللّٰہ! آج میں اپنی ٹریول ایجنسی چلا رہی ہوں اور اس کے ذریعے دوسرے لوگوں کو روزگار بھی فراہم کر رہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جب میں قرآنِ پاک پڑھتی تھی تو مجھے یہ پیغام ملا کہ تم راستہ چھوڑ دو، میں تمہارے لیے راستہ بنا دوں گا اور اللّٰہ تعالیٰ نے میرے لیے راستہ بنا دیا۔

واضح رہے کہ ڈراموں میں مختلف نوعیت کے معاون کردار ادا کر کے وسیع پیمانے پر شہرت حاصل کرنے والی عائشہ نور کے مقبول ڈراموں میں سیانی، میری ماں، صحرا میں سفر، تم کون پیا اور امید شامل ہیں، جبکہ انہوں نے 2017ء میں فلم راستہ کے ذریعے فلمی دنیا میں بھی قدم رکھا تھا۔

مزید پڑھیں۔اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کے کلاس رومز کی عمارتیں خطرناک ہونے کا انکشاف، بڑی خبر آگئی

متعلقہ خبریں