اسلام آباد ( اے بی این نیوز)دنیا کے مقبول ترین پیغام رسانی کے پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اسٹیٹس فیچر کو مزید جدید اور آسان بنانے کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس کے تحت صارفین اب بغیر کسی تصویر یا ویڈیو کے براہِ راست اپنی موجودہ لوکیشن اسٹیٹس پر شیئر کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ویب بیٹا انفو کے مطابق اس وقت اگر کوئی صارف اپنے اسٹیٹس پر لوکیشن شیئر کرنا چاہتا ہے تو اسے پہلے گیلری سے تصویر یا ویڈیو منتخب کرنا پڑتی ہے، جس کے بعد اس پر لوکیشن اسٹیکر لگایا جا سکتا ہے۔
تاہم نئے فیچر کے بعد اس عمل کی ضرورت ختم ہو جائے گی اور اپ ڈیٹس کے حصے میں لوکیشن کا الگ آپشن فراہم کیا جائے گا۔ صارف کی جانب سے واٹس ایپ کو لوکیشن تک رسائی دینے کے بعد اس کا موجودہ مقام خودکار طور پر ظاہر ہو جائے گا، جسے منظوری کے بعد اسٹیٹس پر شیئر کیا جا سکے گا۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی موجودہ لوکیشن کے بجائے کسی دوسرے مقام کا انتخاب بھی خود کر سکیں گے۔ لوکیشن عام اسٹیکر کے بجائے ایک خوبصورت نقشے کی شکل میں دکھائی دے گی، جس پر سبز رنگ کا نشان بھی موجود ہوگا۔
نئے فیچر میں صارفین کی نجی معلومات کے تحفظ کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ جو افراد اپنا بالکل درست مقام ظاہر نہیں کرنا چاہتے، وہ موبائل کی ترتیبات میں جا کر تقریباً مقام تک رسائی کا انتخاب کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق فی الحال اس فیچر کی آزمائش اینڈرائیڈ موبائل فونز کے لیے واٹس ایپ کے آزمائشی ورژن میں جاری ہے۔ تمام صارفین کے لیے اس کی دستیابی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
واٹس ایپ کے دیگر اسٹیٹس کی طرح لوکیشن پر مشتمل اسٹیٹس بھی 24 گھنٹے بعد خودکار طور پر غائب ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں:پاک بھارت ٹاکرے کی تاریخ سامنے آگئی، پاکستان شاہینز دوحہ روانہ















