اہم خبریں

کافی کا بچا ہوا کچرا اب بنے گا قیمتی ایندھن، نئی تحقیق سامنے آگئی

کافی کا بچا ہوا کچرا اب بنے گا قیمتی ایندھن، نئی تحقیق سامنے آگئی

اسلام آباد ( اے بی این نیوز)کافی کا بچا ہوا کچرا اب بنے گا قیمتی ایندھن، نئی تحقیق سامنے آگئی.

استعمال شدہ کافی کے ذرات اب محض کچرا نہیں رہیں گے بلکہ ان سے قابلِ تجدید ایندھن اور مفید صنعتی کیمیائی مادے بھی تیار کیے جا سکیں گے۔ اسپین کے محققین نے کافی کے فضلے سے تیل حاصل کرنے کا ایک نیا طریقہ دریافت کر لیا ہے۔

اسپین کی یونیورسٹی روویرا آئی ورجیلی کے محققین نے ایسا طریقہ تیار کیا ہے جس کے ذریعے استعمال شدہ کافی کے ذرات سے تیل نکالا جا سکتا ہے، جبکہ باقی ماندہ مواد کو بھی مختلف صنعتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے ’’بائیو ماس اینڈ بائیو انرجی‘‘ میں شائع ہوئے ہیں۔ محققین کے مطابق استعمال شدہ کافی کے ذرات میں تقریباً 15 فیصد چکنائی موجود ہوتی ہے، جسے بائیو ڈیزل سمیت قابلِ تجدید ایندھن تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ہر سال تقریباً ایک کروڑ میٹرک ٹن کافی پیدا ہوتی ہے، تاہم استعمال کے بعد اس کا بڑا حصہ فضلے کی صورت میں پھینک دیا جاتا ہے۔ اس طرح بڑی مقدار میں موجود مفید وسائل ضائع ہو جاتے ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ اس نئی تکنیک کے ذریعے کافی کے فضلے کو کارآمد صنعتی وسائل میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس سے ماحول دوست توانائی کی پیداوار کو فروغ دینے اور فضلے میں کمی لانے کے نئے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔

ماہرین کے مطابق یہ تحقیق قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے، جس سے کچرے کو مفید وسائل میں تبدیل کرنے کی راہیں ہموار ہوں گی۔
مزید پڑھیں‌:پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی، خوش نصیب فاتحین کے نمبرز جاری

متعلقہ خبریں