اہم خبریں

پاک بھارت ٹاکرے کی تاریخ سامنے آگئی، پاکستان شاہینز دوحہ روانہ

پاک بھارت ٹاکرے کی تاریخ سامنے آگئی، پاکستان شاہینز دوحہ روانہ

اسلام آباد ( اے بی این نیوز)پاکستان شاہینز کا 15 رکنی اسکواڈ اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 میں شرکت کے لیے کراچی سے قطر کے شہر دوحہ روانہ ہو گیا ہے۔ ایونٹ میں پاکستان شاہینز اور روایتی حریف بھارت اے کے درمیان بڑا مقابلہ 22 نومبر کو کھیلا جائے گا، جس کا شائقین کرکٹ کو بے صبری سے انتظار ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز کو ٹورنامنٹ کے گروپ بی میں بھارت اے، نیپال اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ پاکستان اور بھارت اے کے درمیان مقابلہ 22 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔


یاد رہے کہ 2023 میں 50 اوورز کے ایشیا کپ فائنل میں پاکستان نے بھارت اے کو 128 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ایڈیشن میں بنگلہ دیش اے کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

روانگی سے قبل کپتان عبدالصمد نے کہا کہ ٹیم کی تیاریاں بہترین ہیں۔ کھلاڑیوں نے پورا ہفتہ مختلف حالات کے مطابق میچز کھیلے ہیں اور کوچنگ اسٹاف نے بھی بھرپور محنت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلا ہدف افتتاحی میچ جیت کر ایونٹ میں کامیابی کا سلسلہ شروع کرنا ہے۔

عبدالصمد کی قیادت میں 15 رکنی اسکواڈ دوحہ میں یکجا ہوگا، جہاں عمان میں انڈر 19 ایشیا کپ کھیلنے والے علی رضا اور فرہان یوسف بھی ٹیم کو جوائن کریں گے۔


پاکستان شاہینز کے اسکواڈ میں کپتان عبدالصمد کے علاوہ احمد دانیال، علی رضا، دانش عزیز، فرہان یوسف، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد حسنین، محمد عمران رندھاوا، روہیل نذیر، سعد مسعود، شاہ زیب خان، شمیل حسین اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

پاکستان شاہینز اپنا پہلا میچ 20 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کھیلے گی۔ دوسرا اور اہم ترین مقابلہ 22 نومبر کو بھارت اے کے خلاف دوپہر 3 بجے ہوگا، جبکہ 24 نومبر کو پاکستان کا سامنا نیپال سے ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 26 اور 27 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ ایونٹ کا فائنل 29 نومبر کو شیڈول ہے۔
مزید پڑھیں‌:کافی کا بچا ہوا کچرا اب بنے گا قیمتی ایندھن، نئی تحقیق سامنے آگئی

متعلقہ خبریں