پشاور( اوصاف نیوز) محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے، جبکہ صوبے کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات اور کوہستان کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر بارش متوقع ہے۔ بلند پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم ہوگا، جبکہ صوبے کے معروف سیاحتی مقامات مالم جبہ، کالام اور چترال میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ بالخصوص رات اور صبح کے اوقات میں موسم مزید سرد محسوس ہوگا۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں آج اور آئندہ چند روز کے دوران موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ دن کے اوقات میں دھوپ نکلنے کا امکان ہے۔
متعلقہ حکام نے پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن کے خدشے کے پیش نظر سیاحوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ بالائی علاقوں کا سفر کرنے والے افراد کو موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے آگاہ رہنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:شہید میجر عمر ناصر منہاس آبائی علاقے میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک















