اہم خبریں

اوپنر صائم ایوب کی کرکٹ سے دوری نے نئی بحث چھیڑ دی

اوپنر صائم ایوب کی کرکٹ سے دوری نے نئی بحث چھیڑ دی

اسلام آباد( اے بی این نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کی کرکٹ سے دوری نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد اسکواڈ سے رخصت پر بھیجے جانے والے صائم ایوب نے فی الحال ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے بھی معذرت کرلی ہے۔

اطلاعات کے مطابق صائم ایوب کو 26 اکتوبر 2026 کو ٹرائی سیریز کے تین میچوں میں صرف 21 رنز بنانے کے بعد اسکواڈ سے رخصت پر بھیج دیا گیا تھا، جبکہ ان کی جگہ ٹی 20 کپتان صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے مطابق صائم ایوب ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور کھیل پر توجہ دینے کے خواہش مند تھے، تاہم اس کے باوجود وہ قائداعظم ٹرافی میں بھی ایکشن میں دکھائی نہیں دیے۔

قائداعظم ٹرافی گولڈ کے تیسرے مرحلے میں بھی کراچی بلیوز کی جانب سے صائم ایوب کی عدم دستیابی نے ان کی کرکٹ سے دوری کے حوالے سے سوالات پیدا کردیے ہیں۔ 15 نومبر کو راولپنڈی کے شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد کے خلاف شروع ہونے والے میچ میں بھی وہ ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔

کراچی بلیوز انتظامیہ کے مطابق صائم ایوب فی الحال آرام کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب ڈائریکٹر کرکٹ اور سلیکشن کمیٹی کے اہم رکن عاقب جاوید نے بتایا ہے کہ صائم ایوب نے ٹیلی فون پر انہیں آگاہ کیا کہ وہ ذہنی طور پر فی الحال کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار نہیں اور انہیں مزید کچھ وقت درکار ہے۔

صائم ایوب کی مسلسل غیر حاضری کے باعث ان کی واپسی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، تاہم ان کی جانب سے کرکٹ میں واپسی کے لیے کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب دستیاب اطلاعات کے مطابق صائم ایوب کراچی بلیوز کے اسکواڈ میں شامل ہیں اور ان کی واپسی سے قبل فٹنس جانچ بھی متوقع ہے۔
مزید پڑھیں‌:کوہاٹ میں غیر قانونی سونا نکالتے 3 مزدور مٹی تلے دب کر جاں بحق

متعلقہ خبریں