اہم خبریں

پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ، 3 کروڑ 45 لاکھ افراد بیماری کا شکار

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے، ملک میں تقریباً 3 کروڑ 45 لاکھ بالغ افراد شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں، جس کے باعث پاکستان دنیا میں ذیابیطس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

عالمی ادارہ برائے ذیابیطس (IDF) کے ذیابیطس اٹلس 2025 کے مطابق پاکستان میں 2024 کے دوران 20 سے 79 سال کی عمر کے تقریباً 3 کروڑ 45 لاکھ افراد ذیابیطس کا شکار تھے۔ ملک کی بالغ آبادی میں اس مرض کی شرح 31.4 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

عداد و شمار کے مطابق تقریباً 93 لاکھ افراد ایسے ہیں جو ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے باوجود اپنی بیماری سے لاعلم ہیں، جس سے بروقت تشخیص اور طبی معائنے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر ذیابیطس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو 2050 تک پاکستان میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 7 کروڑ 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق غیر متوازن خوراک، میٹھی اشیا اور مشروبات کا زیادہ استعمال، جسمانی سرگرمیوں کی کمی، موٹاپا اور غیر صحت مند طرز زندگی ذیابیطس کے پھیلاؤ کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔

ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ متوازن غذا، روزانہ ورزش، وزن پر قابو اور باقاعدگی سے شوگر ٹیسٹ کو معمول بنایا جائے تاکہ بیماری کی بروقت تشخیص اور پیچیدگیوں سے بچاؤ ممکن ہو سکے.

آج 14 نومبر کو دنیا بھر میں ذیابیطس کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد بیماری سے بچاؤ، آگاہی اور جلد تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنا ہے .
مزیدپڑھیں: پنجاب حکومت کا محنت کشوں کے لیے بڑا ریلیف، مریم نواز راشن کارڈ کے تحت ماہانہ 3 ہزار روپے کی سبسڈی جاری

متعلقہ خبریں