مسقط ( اے بی این نیوز) دفاعی چیمپئن پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔
عمان کے شہر العمیرات میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث پوری ٹیم 31.4 اوورز میں 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ محمد صیام نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ علی رضا، حسنین عباس ڈار اور احمد حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
139 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ٹیم نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 21.5 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔
اوپنرز عثمان خان اور حیام خان نے 123 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کی جیت یقینی بنائی۔ حیام خان 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ عثمان خان 64 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ عبدالقادر نے 8 رنز بنائے۔
پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر رضوان اللہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ افغانستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے، جس کے جواب میں بھارتی ٹیم نے 37ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔
بھارت کے اوپنر لکشیا راگھو چندانی نے 93 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان انڈر 19 ایشیا کپ 2026 کا فائنل 14 نومبر کو عمان کے شہر العمیرات میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں روایتی حریف ٹائٹل کے حصول کے لیے آمنے سامنے ہوں گے۔
مزید پڑھیں:نئے صوبوں کے قیام پر محسن نقوی کا اہم بیان، فیصلہ کیسے ہوگا؟ وضاحت کردی















