اسلام آباد (اے بی این نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے دیوالی کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
اپنے الگ الگ تہنیتی پیغامات میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے کہا کہ دیوالی روشنی کی تاریکی، اچھائی کی برائی اور امید کی مایوسی پر فتح کی علامت ہے۔ یہ تہوار محبت، ہمدردی، رواداری اور باہمی احترام کا پیغام دیتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری قومی زندگی کا اٹوٹ حصہ ہے۔ تعلیم، صحت، کاروبار، عوامی خدمت، سماجی بہبود، فنون لطیفہ اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں ہندو برادری کی خدمات قابل تحسین ہیں اور ان کی بدولت ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا ہوا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کیا تھا جہاں مذہب، عقیدے، ذات یا مسلک کی بنیاد پر کسی شہری کے حقوق متاثر نہ ہوں بلکہ تمام شہریوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور قانون کے تحت یکساں تحفظ حاصل ہو۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان کا تنوع ہماری کمزوری نہیں بلکہ قومی طاقت ہے، ہمیں تعصب اور امتیازی سلوک کو مسترد کرتے ہوئے ایک منصفانہ اور ہمدرد معاشرے کی تعمیر کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری ہمارے قومی تانے بانے کا قابل قدر اور اٹوٹ حصہ ہے۔ ملک کی سماجی، ثقافتی اور اقتصادی ترقی میں ان کی خدمات لائق تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے مذہبی اور شہری حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ حکومت مذہب، عقیدے، رنگ اور نسل سے قطع نظر تمام شہریوں کے حقوق، وقار اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مذہبی ہم آہنگی، اتحاد اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان ایک پرامن، جامع اور خوشحال معاشرے کی تعمیر کے لیے کوشاں ہے، جہاں تمام شہریوں کو یکساں تعلیمی اور معاشی مواقع میسر ہوں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی افہام و تفہیم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے دیوالی منانے والے تمام پاکستانی ہندوؤں کے لیے خوشیوں، امن، خوشحالی اور امید سے بھرپور مستقبل کی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
مزیدپڑھیں: پنجاب کے دو حلقوں میں انتخابی دنگل سج گیا،پولنگ کاعمل جاری















