اسلام آباد ( اے بی این نیوز)وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریت سے متعلق تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ملازمین کو 90 روز کے اندر اپنی شہریت سے متعلق بیانِ حلفی کے بجائے مقررہ ڈیکلیئریشن جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاری کردہ میمورنڈم کے مطابق سرکاری ملازمین کو اپنے زیرِ کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت اور سفری دستاویزات سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔
حکومت کی جانب سے غیر ملکی شہریت سے متعلق معلومات جمع کرانے کے لیے مخصوص فارم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت افسران سے مطلوبہ معلومات حاصل کرکے جمع کرائیں۔
میمورنڈم کے مطابق سرکاری ملازمین کو غیر ملکی شہری سے شادی کی صورت میں اس کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔
وفاقی حکومت کی ان ہدایات کے تحت سرکاری ملازمین کی اپنی اور ان کے زیرِ کفالت افراد کی شہریت، سفری دستاویزات اور متعلقہ ازدواجی معلومات کا ریکارڈ جمع کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:مریم نواز نے پولیس کو 4 ہفتوں کی مہلت دے دی، امن و امان بہتر بنانے کا حکم















