اسلام آباد (اے بی این نیوز) رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے معاملے پر عوام کی خاموشی ان لوگوں کے لیے طمانچہ ہے جو لاکھوں افراد کو سڑکوں پر لانے کا بیانیہ بنا رہے تھے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی میں مبینہ گروپ بندی اور قیادت پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں قبضہ مافیا کا راج ہے اور پارٹی میں میرٹ کو نظرانداز کرکے من پسند افراد کو آگے بڑھایا جاتا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے معاملے پر دو سے تین روز گزرنے کے باوجود عوام خاموش ہیں۔ ان کے بقول، یہ خاموشی ان لوگوں کے دعوؤں کے برعکس ہے جو لاکھوں افراد کو باہر نکالنے کی بات کر رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی نے اپنی حکومت کا احتساب نہیں کیا اور نفرت، جھوٹ اور گالم گلوچ کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ ان کا الزام تھا کہ پی ٹی آئی میں ایک ایسا گروہ موجود ہے جو میرٹ کی خلاف ورزی کرتا اور اپنے پسندیدہ لوگوں کو آگے بڑھاتا ہے۔
رکن قومی اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ دو ماہ بعد خیبر پختونخوا میں بانی پی ٹی آئی اور علی امین گنڈاپور کا راج ہوگا۔
سڑکوں پر نکلنے سے متعلق سوال پر شیر افضل مروت نے کہا کہ وہ اس وقت باہر نکلیں گے جب انہیں نکالنے والے خود احترام کے ساتھ انہیں واپس آنے کی دعوت دیں گے۔
مزید پڑھیں:البرکہ بینک کے سی ای او کی فہد ہارون سے ملاقات، باہمی تعاون کے فروغ پر گفتگو















