اہم خبریں

برطانیہ میں خاندانی ناموں کا رجحان بدل گیا، خان، احمد، علی اور حسین ٹاپ 10 میں شامل

لندن (اے بی این نیوز) برطانیہ میں بچوں کے روایتی خاندانی ناموں کی مقبولیت میں کمی جبکہ خان، احمد، علی، حسین، سنگھ اور کور جیسے ناموں کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں گزشتہ 30 برسوں کے دوران نوزائیدہ بچوں کے خاندانی ناموں کی فہرست میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ 1996 میں اسمتھ، جونز، ولیمز، ٹیلر، براؤن، ڈیوس، ایونز، تھامس، جانسن اور ولسن سب سے عام خاندانی ناموں میں شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق اب ٹاپ 10 خاندانی ناموں میں اسمتھ کے ساتھ خان، احمد، علی، جونز، حسین، سنگھ، ولیمز، پٹیل اور کور شامل ہیں۔ اس تبدیلی کو برطانیہ میں آبادی کے بدلتے ہوئے تنوع اور خاندانی پس منظر میں تبدیلی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
برطانیہ میں بچوں کے روایتی خاندانی نام پیچھے رہ گئے، خان، احمد، علی اور حسین کی مقبولیت میں اضافہ، ٹاپ 10 میں شامل
اعداد و شمار کے مطابق 1996 کے مقابلے میں جونز اور ولیمز جیسے روایتی ناموں کی مقبولیت میں تقریباً 43 فیصد کمی آئی ہے، جبکہ خان، احمد اور علی جیسے خاندانی ناموں کی مقبولیت دوگنی ہو چکی ہے۔ سکھ برادری میں عام خاندانی نام سنگھ اور کور کی مقبولیت میں بھی کم از کم پانچ گنا اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسمتھ، جو برطانیہ کے عام خاندانی ناموں میں سرفہرست رہا ہے، اس کی مقبولیت میں بھی کمی آئی ہے۔ 1996 میں انگلینڈ اور ویلز میں پیدا ہونے والے 7 ہزار 276 بچوں کے لیے یہ خاندانی نام درج کیا گیا تھا، جبکہ اب یہ تعداد کم ہو کر 4 ہزار 102 رہ گئی ہے۔

یہ اعداد و شمار برطانیہ کے دفتر برائے قومی شماریات (او این ایس) کے ریکارڈ پر مبنی ہیں اور ان میں انگلینڈ اور ویلز میں رجسٹر ہونے والی پیدائشیں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دو یا اس سے کم مرتبہ درج ہونے والے خاندانی ناموں کو فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب او این ایس کے مطابق 2025 میں انگلینڈ اور ویلز میں لڑکوں کے لیے محمد مسلسل تیسرے سال سب سے مقبول نام رہا، جس کے مختلف املا سے الگ اندراجات کے علاوہ، بالخصوص ’’محمد‘‘ کے املا کے تحت 5 ہزار 957 بچوں کے نام رجسٹر کیے گئے۔

رپورٹ برطانیہ میں بدلتے ہوئے خاندانی ناموں اور بچوں کے نام رکھنے کے رجحانات کی عکاسی کرتی ہے۔
مزیدپڑھیں: بلوچستان ،ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن،5 دہشتگرد ہلاک،4 زخمی

متعلقہ خبریں