مظفرآباد (رضوان عباسی ) آزاد کشمیر کے صدارتی انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار کے نام پر مشاورت تقریباً مکمل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ ڈاکٹر نجیب نقی کو صدارتی امیدوار بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے ڈاکٹر نجیب نقی کے نام پر تقریباً حتمی فیصلہ کرلیا ہے اور ان کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی کا باضابطہ اعلان آئندہ ایک روز میں متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مری میں مسلم لیگ ن کے اہم اجلاس میں آزاد کشمیر کے صدارتی انتخاب کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق صدارتی امیدوار کے لیے چوہدری سعید اور مشتاق منہاس کے نام بھی زیرِ غور رہے، تاہم پونچھ ڈویژن کی سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر نجیب نقی کے نام کو ترجیح دی گئی۔
مسلم لیگ ن کی قیادت نے صدارتی امیدوار کے نام پر مشاورت تقریباً مکمل کرلی ہے، جبکہ پارٹی کی جانب سے حتمی اعلان جلد متوقع ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی جانب سے بھی صدارتی انتخاب کے لیے سیاسی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فیصل ممتاز راٹھور پیپلز پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدواروں میں شامل ہیں۔
آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ ن کو واضح عددی برتری حاصل ہے، جس کے باعث پارٹی قیادت اپنے امیدوار کی کامیابی کے لیے پُراعتماد ہے۔
مزید پڑھیں:کوئٹہ میں امن و امان سے متعلق بڑا اجلاس، کمشنر نے اہم ہدایات جاری کردیں















