اہم خبریں

کوئٹہ میں امن و امان سے متعلق بڑا اجلاس، کمشنر نے اہم ہدایات جاری کردیں

کوئٹہ میں امن و امان سے متعلق بڑا اجلاس، کمشنر نے اہم ہدایات جاری کردیں

کوئٹہ (اے بی این نیوز) کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیرِ صدارت ڈویژنل مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں امن و امان، سکیورٹی اور عوامی خدمات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، پولیس، ایف سی، اے این ایف، کسٹمز، ایکسائز، نادرا، اسپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ امپلیمنٹیشن کمیٹیوں اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی۔ حکام کو بی آئی ایس اے ڈیش بورڈ پر شکایات اور کارروائیوں سے متعلق ڈیٹا بروقت اپ لوڈ کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔

کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور حساس عناصر کی پروفائلنگ مکمل رکھنے اور متعلقہ ڈیٹا کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی۔ چوتھے شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی اور ان سے متعلق تازہ معلومات بروقت فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس میں جوائنٹ رسپانس سینٹرز کے قیام اور ان کی آپریشنل صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ غیر فعال اضلاع سے رپورٹس طلب کرلی گئیں۔

انسدادِ پوست و بھنگ کارروائیوں کے حوالے سے ضلعی سطح پر سروے کرنے اور زیرِ کاشت رقبے کی تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ اس کے علاوہ سکیورٹی اسیسمنٹ کو اپ ڈیٹ کرنے، کمزوریوں کی نشاندہی اور ان کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات کی رپورٹس طلب کی گئیں۔

اجلاس میں مدارس کی نگرانی و ضابطہ کاری، ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

محکمہ تعلیم کے غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی اور فعال اسکولوں کی تعداد سے متعلق رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اسی طرح بنیادی مراکز صحت، ڈسپنسریوں اور سرکاری و نجی ہاسٹلز کی مانیٹرنگ رپورٹ بھی طلب کرلی گئی۔

غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو زیرِ التوا رپورٹس جلد مکمل کرنے اور مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کا حکم دیا۔

کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ امن و امان، سکیورٹی اور عوامی خدمات کی باقاعدہ نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں :ویمنز انڈر 19 سہ فریقی سیریز کب شروع ہوگی؟ مکمل شیڈول سامنے آگیا

متعلقہ خبریں