اسلام آباد (رضوان عباسی)وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ کی بحالی کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں مرحلہ وار انٹرنیٹ دو دن کے اندر مکمل طور پر کھول دیں گے۔ انٹرنیٹ بحالی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں دو دن کے اندر مزید پیش رفت ہوگی۔
روزنامہ اوصاف اور اے بی این نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں مظفرآباد میں ڈی ایس ایل سروس کھولی جائے گی، جبکہ ضلع بھمبر اور ضلع میرپور میں بھی انٹرنیٹ مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ کی بحالی مرحلہ وار کی جا رہی ہے، پہلے مرحلے کے بعد دوسرے مرحلے میں اکثریتی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے گی، جبکہ باقی علاقوں کو بھی مرحلہ وار شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے پچھلے بیان کو درست پیرائے میں پیش نہیں کیا گیا، جس کے باعث عوام کی توقعات مختلف ہوگئیں۔ انٹرنیٹ کی بحالی کے متعلق میں نے جزوی طور پر بات کی تھی، جس میں تعلیمی اداروں کا ذکر بھی شامل تھا۔ میں نے کبھی یہ نہیں کہا تھا کہ پورے آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ مکمل طور پر بحال کیا جا رہا ہے، البتہ یہ ضرور کہا تھا کہ ہم مرحلہ وار انٹرنیٹ مکمل طور پر کھولیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 100 روزہ اصلاحاتی پلان کے تحت جو اقدامات کیے جائیں گے، ان میں عوام اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت شامل ہوگی۔ صحت کے شعبے میں بھی وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کافی متحرک ہیں۔افتخار گیلانی نے کہا کہ ہمیں تھوڑا وقت دیں، ان شاء اللہ آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات سے بڑھ کر کام کریں گے۔
مزید پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا، نئی قیمتیں مقرر کردی گئیں















