اہم خبریں

آن لائن حج رجسٹریشن کے پہلے 11 دنوں میں 2 لاکھ سے زائد افراد نے درخواست مکمل کرلی

اسلام آباد: آن لائن حج رجسٹریشن کے عمل میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پہلے 11 دنوں کے دوران 2 لاکھ سے زائد شہری اپنی رجسٹریشن مکمل کرچکے ہیں۔ وزارت حج کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق شہریوں کی بڑی تعداد نے گھر بیٹھے ویب پورٹل اور موبائل ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کرائی۔

وزارت کے مطابق ایک لاکھ 80 ہزار سے زیادہ افراد نے ویب پورٹل کے ذریعے اپنی درخواست مکمل کی، جبکہ تقریباً 24 ہزار شہریوں نے موبائل ایپ استعمال کرتے ہوئے رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈیجیٹل سہولیات کے باعث عازمین کے لیے درخواست دینا پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان ہوگیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد نے سرکاری حج اسکیم کا انتخاب کیا، جبکہ 49 ہزار کے قریب درخواست گزاروں نے نجی حج اسکیم کو ترجیح دی۔

صوبہ وار تفصیلات کے مطابق پنجاب سب سے آگے رہا جہاں 95 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرائی۔ سندھ سے 63 ہزار، خیبرپختونخوا سے 28 ہزار اور اسلام آباد سے 9 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔ اسی طرح بلوچستان سے 5 ہزار 500، آزاد کشمیر سے 1 ہزار 200 اور گلگت بلتستان سے 600 افراد نے بھی رجسٹریشن مکمل کی۔

وزارت حج کے مطابق رجسٹرڈ عازمین میں ایک لاکھ 19 ہزار مرد جبکہ 84 ہزار 500 خواتین شامل ہیں۔ حکام نے خواہشمند شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آن لائن حج رجسٹریشن مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں تاکہ آئندہ مراحل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ خبریں