لاہور (اے بی این نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر، وزیراعلیٰ کے مشیر ذیشان ملک اور ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے لاری ہب کا دورہ کیا۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے ٹرانسپورٹ ہبس پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، لاری ہبس پر اوور چارجنگ اور چھتوں پر سفر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی اور پھر قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا۔
قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی پر 20 سے زائد ٹرانسپورٹ ہب کو سیل کیا گیا اور زائد چارجنگ اور دیگر خلاف ورزیوں پر 6 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ لاری ہب کے منتظم کو ناقص کارکردگی اور غفلت پر فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے کہا کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پبلک ٹرانسپورٹ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مسافروں کا استحصال کرنے والے ٹرانسپورٹرز قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ذیشان ملک نے کہا کہ ٹرانسپورٹ حبس پر مافیا اور بھتہ خوری کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، مقررہ نرخوں سے زائد وصولی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ ٹرانسپورٹ حب پر اعلیٰ معیار اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا رہا ہے، خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جائے گی، فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:آئندہ 24 گھنٹے اہم،ایران امریکا امن معاہدے کے حتمی مسودے کا اعلان متوقع















