بھمبر(اے بی این نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور ضلع بھمبر کی تحصیل برنالہ میں زکوٰۃ و عشر کمیٹی کے سابق چیئرمین چوہدری عدالت کو جمعرات کے روز نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ پنگالی موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں چوہدری عدالت عدالت سے واپسی پر اپنے بھتیجے اور ایک دوست کے ہمراہ گاڑی میں جا رہے تھے کہ گھات لگائے حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں چوہدری عدالت موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ گاڑی میں موجود دیگر دو افراد محفوظ رہے۔ تاہم اس دوران گزرنے والی ایک خاتون اور بچہ بھی گولیوں کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئے، جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور واردات کے بعد کالی گاڑی میں فرار ہو گئے۔ حکام کے مطابق مقتول مختلف مقدمات میں نامزد تھے، جس کے باعث ان کی متعدد افراد سے دشمنیاں بھی تھیں۔
پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی، جن میں ان کے بھائی چوہدری دلاور اور چوہدری مدثر مہندی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلاء کا عمل جاری















