اہم خبریں

طلبہ کیلئے اہم خبر،میٹرک نتائج کی تاریخ جاری

لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کی ابتدائی تاریخوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے بعد طلباء، والدین اور تعلیمی اداروں میں نتائج کے اعلان کا انتظار ختم ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے شیڈول پر مشاورت مکمل کر لی ہے۔ ابتدائی شیڈول کے مطابق دسویں جماعت کے سالانہ نتائج 6 اگست کو جبکہ نویں جماعت کے نتائج 2 ستمبر کو جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

تعلیمی بورڈز کی جانب سے نتائج کی تیاری کا عمل جاری ہے اور پرچوں کی جانچ پڑتال، نمبروں کی تصدیق اور نتائج مرتب کرنے کا کام مختلف مراحل میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نتائج کے اعلان کی حتمی منظوری جلد دی جائے گی جس کے بعد تمام بورڈز تاریخوں کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

اس سال میٹرک کے سالانہ امتحانات میں پنجاب بھر سے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نتائج کے اعلان کے بعد دسویں جماعت کے طلباء کالجوں میں داخلے کے لیے درخواستیں جمع کروا سکیں گے جبکہ نویں جماعت کے طلباء اپنی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لے کر اگلے سال دسویں جماعت کے امتحانات کی بہتر انداز میں تیاری کر سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحانات 6 اکتوبر سے شروع ہوں گے، ایسے طلباء جو سالانہ امتحانات پاس نہیں کر سکے یا اپنا اسکور بہتر کرنا چاہتے ہیں وہ دوسرے سالانہ امتحانات میں شریک ہو سکیں گے۔ ان امتحانات کے داخلوں کے شیڈول کا اعلان بھی جلد کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں آٹھویں بورڈ کے امتحانات کے لیے طلبہ کی باقاعدہ رجسٹریشن 25 مئی سے شروع ہوگی، رجسٹریشن کی آخری تاریخ 8 جولائی مقرر کی گئی ہے، اس سلسلے میں متعلقہ حکام نے اسکول سربراہان کو طلبہ کا درست اور مکمل ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ رجسٹریشن کے عمل میں کسی قسم کی غلطی یا تاخیر نہ ہو۔

پیکٹا حکام کے مطابق سکول سربراہان طلباء کے نام، والدین کی معلومات، بی فارم نمبر، تاریخ پیدائش اور دیگر ضروری تفصیلات درست طریقے سے درج کریں۔ طلباء کو امتحانی عمل کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اگر وہ غلط معلومات فراہم کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:جیٹ فیول سستا، ایئرلائنز کے کرایوں میں کمی کا امکان

متعلقہ خبریں