اسلام آباد(رضوان عباسی )سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے تین سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں آئیسکو، گیپکو اور فیسکو کی نجکاری کی منظوری دے دی ہے۔
ڈپٹی وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاور سیکٹر کے اہم امور اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے تینوں ڈسکوز کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دے دی۔ منصوبے کے تحت ہر ڈسکو کے 51 سے 100 فیصد تک حصص اور مینجمنٹ کنٹرول نجی شعبے کو فروخت کیے جائیں گے۔
اس موقع پر ڈپٹی وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ نجکاری کا مقصد بجلی کی فراہمی کے نظام میں بہتری لانا اور پاور سیکٹر کی مالی پائیداری کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی شمولیت سے کارکردگی میں بہتری آئے گی اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی، مشیر برائے نجکاری طارق باجوہ، سیکریٹری کابینہ، سیکریٹری نجکاری کمیشن، سیکریٹری نجکاری ڈویژن، سیکریٹری پاور ڈویژن، چیئرمین نیپرا، چیئرمین ایس ای سی پی اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں:عیدالاضحیٰ کے موقع پر گو کیش لیس مہم کا اعلان















