لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی کی مردہ سیاست کو ریسکیو کرنے کے بجائے اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرے، پاکستان اور عوام دونوں آج تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہے ہیں، صرف عمران خان کے بغض میں ملک اور عوام سے بدلہ لیا جا رہا ہے۔ آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی رہنمامسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ فرزند زرداری نے بیان دیا ہے کہ نہ کھیلوں گا نہ کھیلنے دوں گا، آپ ذرا اپنی تصحیح کر لیں، عمران خان کا واضح کہنا ہے کہ نہ کرپشن کروں گا نہ کرنے دوں گا۔مسرت چیمہ نے کہا کہ امید ہے الیکشن کمیشن اور گورنر کی آج کی ملاقات کا یک نکاتی ایجنڈا انتخابات کی تاریخ ہوگا، آئین سے انحراف کی کسی بھی کوشش کے سنگین ترین نتائج ہوں گے، قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد کو ناکام نہیں ہونے دینا۔















