لبنان(اے بی این نیوز)لبنان کی مزاحمتی عسکری تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملے جاری ہیں۔ لبنان سے کیے گئے راکٹ حملوں میں شمالی اسرائیلی شہر کیریات شمونہ کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 اسرائیلی شہری زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب اسرائیل نے لبنان کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے کیے ہیں، جن میں دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ان حملوں کے نتیجے میں کئی رہائشی عمارتیں تباہ ہو کر ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ اگرچہ جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم نقصان کافی زیادہ بتایا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک اہم واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسرائیل کی جانب سے ایک روسی صحافی کو لائیو کوریج کے دوران نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ حملے کے دوران صحافی بال بال بچ گیا۔
حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک ہی دن میں اسرائیلی افواج کے خلاف 55 مختلف حملے کیے ہیں، جو اس کی تاریخ میں ایک دن کے دوران سب سے بڑی کارروائیوں میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے۔
ان حملوں میں لبنان کے اندر اور سرحد پار شمالی اسرائیل میں موجود اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
لبنان کے جنوبی اور مغربی علاقوں، خصوصاً کورا میں اسرائیلی افواج کی پیش قدمی کی کوششوں کو حزب اللہ نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسی طرح مشرقی محاذ پر خیام اور طیبیہ کے قریب بھی دونوں فریقوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ ایک فضائی حملے میں کم از کم ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
بیروت میں صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہو گئی جب مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً دو بجے جنوبی مضافاتی علاقوں میں دو زوردار دھماکے ہوئے، جو چند منٹ کے وقفے سے کیے گئے فضائی حملوں کا نتیجہ تھے۔
یہ علاقے ماضی میں گنجان آباد تھے، تاہم اسرائیلی انتباہات اور انخلا کے احکامات کے بعد اب بڑی حد تک خالی ہو چکے ہیں۔
گزشتہ دو دنوں کے دوران ان علاقوں میں نسبتی سکون تھا، لیکن تازہ حملوں نے ایک بار پھر حالات کو کشیدہ بنا دیا ہے۔
مجموعی طور پر لبنان اور اسرائیل کے درمیان جاری یہ کشیدگی نہ صرف سرحدی علاقوں بلکہ بڑے شہروں تک پھیل چکی ہے، جس کے باعث خطے میں عدم استحکام اور خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں۔پی ٹی آئی ڈیل کیلئے تیار ہے لیکن سیاست کیلئے نہیں، رانا ثنااللہ















