کینبرا (اے بی این نیوز) آسٹریلیا میں رواں سال عیدالفطر 20 مارچ بروز جمعہ کو منانے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ۔ آسٹریلین امام کونسل کے مطابق یہ فیصلہ جدید سائنسی بنیادوں اور فلکیاتی ماہرین کی آراء کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
کونسل کا کہنا ہے کہ سائنسی حسابات کے مطابق شوال کا چاند 19 مارچ کی شام کو واضح طور پر نظر آنے کے امکانات ہیں، جس کے پیش نظر 20 مارچ کو عیدالفطر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔
آسٹریلین فتویٰ کونسل نے بھی اس فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بین الاقوامی سائنسی اداروں اور فلکیاتی مراکز سے مشاورت کی ہے، جس کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ چاند کی رویت ممکن ہوگی۔ آسٹریلیا میں ہر سال عید کے تعین کے لیے سائنسی طریقہ کار کو اہمیت دی جاتی ہے، جس کی وجہ سے وہاں اکثر دیگر ممالک سے ایک دن پہلے یا بعد میں عید منائی جاتی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے 18 مارچ کو اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ سعودی سپریم کورٹ اور عدالتی کونسل کے مطابق ملک بھر میں 29 ویں روزے کی شام کو چاند دیکھنے کا اہتمام کیا جائے گا۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کو چاند نظر آئے تو وہ متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ باضابطہ اعلان کیا جا سکے۔
پاکستان میں بھی عیدالفطر کے چاند کی رویت کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 19 مارچ کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور دیگر بڑے شہروں میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے، جہاں مقامی سطح پر چاند دیکھنے کی شہادتیں اکٹھی کی جائیں گی۔
ماہرین فلکیات کے مطابق مختلف ممالک میں عید کے دن کا فرق بنیادی طور پر چاند کی رویت کے طریقہ کار کی وجہ سے ہوتا ہے۔ کچھ ممالک صرف آنکھ سے چاند دیکھنے پر انحصار کرتے ہیں، جبکہ دیگر ممالک سائنسی حسابات کو بھی مدنظر رکھتے ہیں۔ اسی اختلاف کے باعث ہر سال دنیا کے مختلف حصوں میں عیدالفطر مختلف دنوں میں منائی جاتی ہے، جو امت مسلمہ کے لیے ایک معمول کی بات بن چکی ہے۔
مزید پڑھیں۔موٹرسائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کے معاملے میں شہریوں کو ہراساں نہ کیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ















