اہم خبریں

ٹرمپ کاایران کے حوالے سے پلان اے ناکام ، پلان بی بھی کامیاب نہیں ہوگا، عباس عراقچی

تہران (اے بی این نیوز )ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے حوالے سے پلان اے ناکام ہو چکا ہے اور اب پلان بی بھی کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دباؤ اور دھمکیوں کی پالیسی سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ اس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھتی ہے۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران معاہدے تک پہنچنے کا ایک اہم موقع ضائع ہو گیا، جس کے باعث خطے میں اعتماد کی فضا کو نقصان پہنچا۔ ان کے مطابق ایران ہمیشہ سنجیدہ اور باعزت مذاکرات کا حامی رہا ہے لیکن یکطرفہ دباؤ کسی بھی مثبت پیش رفت کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فرسٹ پالیسی درحقیقت امریکہ کے اپنے مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ ان کے مطابق مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام اسی وقت ممکن ہے جب تمام فریق برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر بات چیت کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران خطے میں کشیدگی کے بجائے تعاون اور امن چاہتا ہے، تاہم اگر دباؤ کی پالیسی جاری رہی تو اس کے نتائج کسی کے لیے بھی فائدہ مند نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں :آبنائے ہرمز عارضی طور پر بند بھی ہو جائے تو پاکستان کے پاس متبادل راستے موجود ہیں، رانا ثنا اللہ

متعلقہ خبریں