لاہور (اے بی این نیوز) شہر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ سامنے آیا ہے، مختلف علاقوں میں سرکاری نرخوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ایل پی جی 530 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 279 روپے 34 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم دکانوں پر سرکاری نرخنامے کے برعکس تقریباً دوگنا قیمت وصول کی جا رہی ہے۔
ایل پی جی فروخت کرنے والے دکانداروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ پلانٹ مالکان ہیں۔ ان کے مطابق جب تک ایل پی جی پلانٹس پر سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہیں ہوگا، دکانوں پر بھی مقررہ قیمت پر گیس فروخت کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی متاثر ہونے کے باعث وہ مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی مقررہ قیمت پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کی جائے۔
مزیدپڑھیں: ہانگ کانگ سکسز،پاکستان ٹیم کو پہلے میچ میں یو اے ای سے شکست















