اسلام آباد( اے بی این نیوز )وزیر مملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان نے کہا ہے کہ ایف آئی اے قانون کے مطابق شوکت ترین کی گرفتاری کے لئے کارروائی کر رہا ہے، پاکستان کے خلاف جرم اور بات کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے خود مختار ادارہ ہے، شوکت ترین نے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے وزرائے خزانہ کو آئی ایم ایف کے حوالے سے خط لکھا جس کی آڈیو لیک ہوئی جس پر ایف آئی اے قانون کے مطابق کارروائی کر رہا ہے،پاکستان کے خلاف جرم اور بات کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایوان میں بولنے دیں اور سن لیں پھر آپ جواب دیں، میں حقیقت کہہ رہا ہوں، اپوزیشن کو بات سننے کی ہمت رکھنی چاہیے۔















