اہم خبریں

ایران نے حملوں کے جواب میں اسرائیل پر میزائل داغ دیے، ملک بھر میں سائرن بج اٹھے

ایران(اے بی این نیوز)امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملے کے بعد ایران نے اسرائیل کی جانب میزائل داغ دیے ہیں جس کے بعد اسرائیل کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ایران سے داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی ہوتے ہی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا۔

اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام فوری طور پر ہوم فرنٹ کمانڈ کی ہدایات پر عمل کریں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیلی فضائیہ خطرات کو روکنے اور جہاں ضرورت ہو وہاں کارروائی کرنے میں مصروف ہے تاکہ ممکنہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

اسرائیلی فوج نے واضح کیا کہ دفاعی نظام مکمل طور پر ناقابلِ تسخیر نہیں ہوتا، اس لیے شہریوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ پناہ گاہوں کے قریب رہیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ ایران نے حالیہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد سخت ردعمل دینے کا عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ اب حالات حملہ کرنے والوں کے قابو میں نہیں رہیں گے۔

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ ہم نے پہلے ہی خبردار کیا تھا، لیکن اب آپ نے ایسا راستہ اختیار کر لیا ہے جس کا انجام آپ کے اختیار میں نہیں رہا۔

ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق تہران میں اعلیٰ سطحی مشاورت جاری ہے اور حکام جوابی کارروائی کی تیاری کر رہے ہیں۔ایک ایرانی عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی ’ رائٹرز‘ کو بتایا کہ ایران بھرپور اور کچل دینے والا جواب دینے کی تیاری کر رہا ہے۔

ان کے مطابق جوابی حملے انتہائی سخت ہوں گے اور حملہ آوروں کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی خودمختاری پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مسلح افواج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ممکنہ اہداف کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں۔سونے کی آج پھرلمبی چھلانگ؛فی تولہ دس ہزار روپے مہنگاہوگیا

متعلقہ خبریں