اہم خبریں

اٹلی کے بعد یورپ کے 5 ممالک کاپاکستانیوں کو نوکریاں دینے کا فیصلہ

وارسا (اے بی این نیوز) اٹلی کے بعد 5 دیگر یورپی ممالک نے پاکستانیوں کو نوکریاں دینے پر رضامندی ظاہر کر دی۔

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں غیر قانونی امیگریشن پر 6 ممالک کے وزرائے داخلہ کی اہم کانفرنس ہوئی جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔

پولینڈ، ایسٹونیا، لٹویا، فن لینڈ اور لتھوانیا کے وزرائے داخلہ نے کانفرنس میں اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کی۔

اجلاس میں غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا گیا اور وزرائے داخلہ نے پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق پانچ یورپی ممالک نے پاکستان کے لیے سرکاری سطح پر ملازمتیں فراہم کرنے پر اتفاق کیا جب کہ غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات اور موثر کوآرڈینیشن بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ رابطہ کاری کو بہتر بنانے کے لیے چھ ممالک اپنی اپنی وزارت داخلہ میں فوکل پرسنز تعینات کریں گے جب کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا اور افغانستان میں دہشت گردوں کے درمیان ایک مضبوط دیوار کا کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں اور پاکستان سے یورپ جانے والی غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک اور پاکستان باہمی تعاون سے اس بڑے چیلنج پر قابو پا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:دس کے نوٹ کے بجائے سکہ متعارف کرانے پر غور، کتنی بچت ہوگی؟ جانیں

متعلقہ خبریں