اسلام آباد ( اے بی این نیوز )متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، جہاں ورک ویزوں سے متعلق اہم پیش رفت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم الزابی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی افرادی قوت کے لیے یو اے ای کے ورک ویزے جلد دوبارہ شروع کیے جائیں گے، اس حوالے سے تمام ضروری تیاریاں اور ہوم ورک جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور آئندہ دنوں میں واضح پیش رفت سامنے آئے گی۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں یو اے ای ایمبیسی میں پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد کی قیادت چیئرمین پوئپا سید رحمت علی شاہ کر رہے تھے، جبکہ ملاقات میں سیکرٹری جنرل ممتاز صدیق، سابق چیئرمین سید حبیب علی شاہ، معاونِ خصوصی شکیل عباسی اور ایگزیکٹو ممبر طارق جاوید بھی شریک تھے۔
یو اے ای کے سفیر سالم الزابی نے وفد کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون جاری ہے اور پاکستانی افرادی قوت ان تعلقات کا اہم ستون ہے۔
سفیر نے پاکستانی محنت کشوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کی ترقی، تعمیرات اور معیشت میں پاکستانیوں کا کردار نمایاں اور قابلِ فخر ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی ورکرز نے ہمیشہ محنت، دیانت اور مہارت کے ذریعے یو اے ای کی معیشت میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔
سالم الزابی نے واضح کیا کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ورک ویزوں کے اجرا کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور جلد ایسی پیش رفت متوقع ہے جس سے ہزاروں پاکستانیوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
مزید پڑھیں :ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کہاں کہاں ہو گی،محکمہ موسمیات نے بتا دیا ،جا نئے آپ















